لاہور(کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس رحیم یار خان اور ملٹری انٹیلیجنس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوش گینگ کے انتہائی مطلوب بدنام زمانہ ڈاکو ظہور عرف گڈا کوش کو اس کے ساتھی سمیت سرنڈر کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ خطرناک ڈاکو ظہور عرف گڈا کوش کے سر کی قیمت حکومت پنجاب کی جانب سے 1 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیوں، دبا¶ اور م¶ثر حکمت عملی کے باعث ملزم نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے بتایا کہ کچہ کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور بلا تعطل آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنڈر کرنے والے ملزمان قانون کے مطابق اپنے مقدمات کا سامنا کریں گے اور کچہ کے آخری ڈاکو کی گرفتاری یا سرنڈر تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے انتہائی مطلوب ڈاکو کے سرنڈر پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔