13 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں ٹریفک پولیس نے گزشتہ 100 روز کے دوران لائسنسنگ سہولیات میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہیڈ آف ٹریفک محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر شہریوں کو بہتر اور تیز رفتار سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق 100 روز کے دوران صوبہ بھر میں 55 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ 22 لاکھ سے زائد شہریوں کو لرننگ لائسنس فراہم کیے گئے۔ اسی عرصے میں 1 لاکھ 47 ہزار شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق 1 لاکھ 86 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 8700 سے زائد شہریوں نے گمشدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔ مزید برآں 13 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ 21 لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا، جو ڈیجیٹل نظام پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ہیڈ آف ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو مثالی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور لائسنسنگ سینٹرز کی تعداد اور اوقات کار میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے مطابق پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سینٹرز عوام کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے بروقت اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔