صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل مزید تیز کر دیا گیا

گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ترجمان کے مطابق اس عرصے میں ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی دوران ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گم شدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے، جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد افراد کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ فراہم کیے گئے۔ علاوہ ازیں 91 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا، جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے اور ایسے ڈرائیورز کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں میں باقاعدہ تربیت کے بعد ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دے رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل کی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔