امن ‘ استحکام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہیں:اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم کا یورپی یونین کی نائب صدر سے رابطہ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال ، کشیدگی میں کمی پر زور دیا گیا‘ملائیشیا کے وزیرِ خارجہ سے بھی رابطہ
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلی نمائندہ و نائب صدر کایا کالس سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں حالیہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بات چیت کی اور بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن اور استحکام کے قیام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہیں۔دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ بدلتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ مشاورت جاری رکھی جا سکے۔دریں اثناء   اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیرِ خارجہ محمّد حسن کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں راہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے جاری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔