اسرائیل کی روس کو بھی جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش، ہتھیاروں کی سپلائی لائن پر حملہ امریکہ نے جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کو 15 نکاتی منصوبہ بھیج دیا

  ایران کی سر زمین پر کسی بھی مواد کی افزودگی نہ کی جائے، نطنز، اصفہان اور فردو کے جوہری پلانٹس کو ختم کیا جائے‘ ایران کو خطے میں پراکسیز کو فنڈنگ بند کرنا ہوگی:امریکی شرائط
امریکی اور اسرائیلی حملوں میں  تہران میں 12 افراد شہید، 28 زخمی ،ایران نے تل ابیب سمیت متعدد شہروں پر پر میزائلوں کی بارش کردی، 12 اسرائیلی زخمی، آئرن ڈوم  ناکام
واشنگٹن‘تہران‘تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے  امریکہ نے جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کو 15 نکاتی منصوبہ بھیج دیا ہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کو بھیجے گئے 15 نکاتی امن منصوبے کا مقصد جنگ سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا ہے، پاکستان، مصر اور ترکیہ ثالثی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکہ نے ایران سے مطالبہ کیا ہے  ایران کی سر زمین پر کسی بھی مواد کی افزودگی نہ کی جائے، نطنز، اصفہان اور فردو کے جوہری پلانٹس کو ختم کیا جائے۔
 ایران کو خطے میں پراکسیز کو فنڈنگ بند کرنا ہوگی، ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دے، آبنائے ہرمز میں آزاد میری ٹائم زون قائم کیا جائے، جبکہ ایران کو بیلسٹک میزائل کو بھی روکنا ہوگا۔دریں اثناء سرائیلی فوج نے بحیرہ کیسپین میں روس ایران ہتھیاروں کی سپلائی لائن پر حملہ کردیا۔وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے بحیرہ کیسپین میں ایک ایرانی بحری تنصیب کو نشانہ بنایا، جہاں مبینہ طور پر روس اور ایران کے درمیان ڈرونز، گولہ بارود اور دیگر عسکری سازوسامان کی ترسیل کے لیے ایک سپلائی کوریڈور استعمال کیا جا رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ ہفتے کی گئی اور اسے بحیرہ کیسپین میں اسرائیل کی پہلی معروف کارروائی قرار دیا جا رہا ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی اندرونی آبی گزرگاہ ہے‘یران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف حملوں کی 80 ویں لہر کا آغاز کر دیا،جس کے دوران  اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی جس کے نتیجے میں تل ابیب میں متعدد عمارتیں ملیامیت ہوگئیں، جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ایران کی جانب سے تازہ حملوں میں بنی براک میں 12 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے، آئرن ڈوم ایرانی میزائل روکنے میں ناکام رہا۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق صیہونی ریجیم کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مقبوضہ علاقوں میں نشانہ بنایا۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ خیبرشکن، ایماد اور سجیل میزائل اور تباہ کن ڈرونز استعمال کئے گئے، تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے کمرشل، لاجسٹک اور سپورٹ مراکز ہدف بنائے گئے۔ ادھر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تہران پر تازہ حملوں میں 12 افراد شہید جبکہ 28 زخمی ہوگئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق حملے بوشہر ایٹمی پلانٹ پر بمباری کی گئی، حملے میں کوئی تکنیکی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔