پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جبکہ پارا چنار، مالم جبہ، دیر بالا اور چترال سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری ہورہی ہے۔ دیر کے شہری علاقوں میں رات سے جاری بارش اور بالائی مقامات پر برفباری کے بعد سردی لوٹ آئی ہے۔
شدید برفباری کے باعث دیر لوئر، لواری ٹنل، وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، عشیرئی درہ، کلپانی، شاہی بن شاہی اور وادی لڑم میں راستے بند ہوگئے ہیں۔ برفباری اور بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بھی بلند ہونے لگی ہے۔ تاہم موسم کی خوبصورتی کو انجوائے کرنے کے لیے سیاحوں نے بڑی تعداد میں ان مقامات کا رخ کرلیا ہے۔
بارش کے باعث بجلی کے 71 فیڈرز ٹرپ
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے مطابق بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں 71 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
پشاور میں 19
بنوں میں 15
خیبر میں 17
ڈیرہ اسماعیل خان سرکل میں 12 فیڈرز متاثر ہوئے۔
دیگر سرکلز میں بھی کئی فیڈرز ٹرپ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پیسکو چیف ایگزیکٹو اختر حمید خان نے فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا، جبکہ متعدد علاقوں کو متبادل روٹس سے بجلی فراہم کی جاچکی ہے۔
عوام کے لیے احتیاطی تدابیر
ترجمان پیسکو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پیسکو ہیلپ لائن 118 پر مفت کال کریں۔ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، بجلی کی مکمل بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔