کراچی میں کوریئر پارسل سے 1 کلو گرام آئس برآمد، اے این ایف کا کریک ڈاؤن جاری
کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 1 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 24 گرام ویڈ پکڑی گئی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر کے 33 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی 199.724 کلو گرام منشیات برآمد کر لی ہے۔
اے این ایف نے حیدر آباد میں یونیورسٹی کے قریب 1.2 کلو گرام چرس اور قائد آباد کراچی کے قریب 1.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کی۔ بلوچستان میں کوسٹل لائن پسنی گوادر کے غیر آباد علاقے سے 52 کلو گرام چرس اور کوئٹہ کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں سے 48 کلو گرام چرس ضبط کی گئی۔ اسلام آباد کے سنگجانی ٹول پلازہ سے 39.6 کلو گرام چرس اور 5 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جب کہ حب ریور روڈ کراچی کے قریب سے 38.4 کلو گرام چرس ضبط کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات جاری ہیں۔