محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

لاہور کا موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور صبح کے وقت ہوائیں چلنے کی وجہ سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق آج (بدھ) اور کل (جمعرات) بارش ہونے کے امکانات ہیں، اور دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔ تاہم، فضائی آلودگی کی سطح میں کمی نہیں آئی، اور لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 196 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے۔ اس صورتحال کے سبب شہریوں کو سانس کے مسائل اور دیگر صحت کی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، آج خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ 26 اور 27 مارچ کو آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش کی وجہ سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلیاں میں درمیانی سے شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کا سامنا ہو سکتا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا، اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

جنوبی اضلاع میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، اور بالائی اضلاع میں درمیانی سے تیز بارش ہو سکتی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، پشین، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔سندھ کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بعد از دوپہر جھکڑ چلنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔