محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش، اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور میں موسم میں معمولی بہتری آئی ہے، تاہم فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت صبح سویرے 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 159 ریکارڈ کیا گیا، جو خطرناک سطح کے قریب ہے۔ لاہور اس وقت دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے 12 مئی تک کشمیر، شمال اور مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان، اور جنوبی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنے انتباہ میں کہا ہے کہ آندھی، جھکڑ، ژالہ باری، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی وجہ سے کمزور انفرا اسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں، سولر پینلز وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی جزوی ابر آلود موسم رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔