ویب ڈیسک: ایران نے اگلے سال ہونے والے مینز فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
فٹبال ورلڈ کپ اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس وقت مختلف براعظموں میں میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ جاری ہیں۔ایران نے منگل کو تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کوالیفائرز ایشیا کے گروپ اے کے میچ میں ازبکستان کے خلاف 2-2 سے ڈرا کرکے 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔ ایران کو کوالیفائی کرنے کے لیے صرف میچ ڈرا کرنے کی ضرورت تھی۔اس میچ میں ایک موقع پر ازبکستان کو 82 ویں منٹ تک 2-1 کی برتری حاصل تھی، لیکن 83 ویں منٹ میں مہدی تریمی نے شاندار گول کرکے ایران کو خسارے سے نکالا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ازبکستان نے 16 ویں منٹ میں کوجیمات کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، اور دوسرے ہاف میں ایران کی طرف سے مہدی تریمی نے گول کرکے برابر کیا۔ اس کے بعد فوراً ہی ازبکستان نے ابوسبیک کی مدد سے دوبارہ برتری حاصل کی۔83 ویں منٹ میں مہدی تریمی نے ایران کے لیے گول کردیا، اور میچ 2-2 پر ختم ہوا، جس کے نتیجے میں ایران ایک پوائنٹ حاصل کر کے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ایران نے مسلسل چوتھی بار اور مجموعی طور پر ساتویں بار فیفا ورلڈ کپ میں کوالیفائی کیا ہے۔