دہشت گردوں کا کوئی مذہب، عقیدہ نہیںہوتا ، مقابلے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی چیئرمین سینیٹ

کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا منصفانہ حل علاقے کے امن وامان اور ترقی کی ضمانت ہے، یوسف رضا گیلانی ،ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات ،اقتصادی و تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون، دفاعی شراکت داری، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے افتتاح اور کراچی سے ادیس ابابا کے درمیان براہ راست پروازوں کو خوش آئندہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے منتظر ہیں تاکہ ہوا بازی کے شعبے میں مزید تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ میں اپنے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ نادرا افریقی ممالک کے ساتھ تعاون اور خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایتھوپیا بھی نادرا کی خدمات سے استفادہ کر سکتا ہے ۔ دہشت گردی اور علاقائی خطے کے امن و امان کے حوالے سے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور بے پناہ جانی و مالی قربانیاں بھی دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور عقیدہ نہیںہوتا ۔ دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو خطے کے امن کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا منصفانہ حل علاقے کے امن وامان اور ترقی کی ضمانت ہے ۔ سرمایہ کاری واقتصادی ترقی کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا اور اس میں مزید اضافے کے وسیع موقع موجود ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ دوطرفہ تجارتی معاہدے جو تجارت میں مزید وسعت پیدا کرے گا۔چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کو مزید پاکستانی چاول، طبی اور سرجیکل آلات، دواسازی کی مصنوعات، اور فٹ بال درآمد کرنے کی تجویز دی۔