مذہب کے نام پر مسلح جتھے اور عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے خواجہ آصف

 12 شہیدوں کے جنازے پڑھنے کی سعادت ملی، وطن کے بیٹوں نے مٹی کی محبت میں  جان  دی،   قوم کو احسان مند ہونے کی شہادت دینی ہو گی
ہمارا دین قران و سنت سب بھائی چارہ، پیار اور محبت کے پیامبر ہیں، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں اور دنیا و آخرت سنواریں:وزیر دفاع  کا بیان 
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانا، سڑکیں بند کر کے عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے۔ایکس پر خواجہ آصف نے لکھا کہ آج صبح 12 شہیدوں کے جنازے پڑھنے کی سعادت ملی، وطن کے ان بیٹوں نے مٹی کی محبت میں اپنی جان وار دی، قوم ان کی ممنون احسان ہے، یہ شہید وہ قرض اتار رہے ہیں جو ساری قوم پہ واجب ہیں۔انہوں نے لکھا کہ قوم کو ممنون اور احسان مند ہونے کی شہادت دینی ہو گی، متحد ہو کے اپنے بیرونی اور اندرونی دشمنوں سے نبرد آزما ہونا ہے۔وزیر دفاع نے   لکھا کہ دو سال غزہ میں ظلم اور خون کی ھولی کھیلی گئی کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، جب وہاں جنگ بندی ہو گئی تو یہاں احتجاج شروع ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے ہمارے معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کا سبق پڑھانا بند ہونا چاہئے، ہمارا دین قران و سنت سب بھائی چارہ، پیار اور محبت کے پیامبر ہیں، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں اور دنیا و آخرت سنواریں۔