پاکستان، ایران، افغانستان کو مل کر حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی:لیاقت بلوچ

عالمی منظرنامے میں مسئلہ کشمیر کو موثر سفارتی حکمت عملی،نظریاتی وابستگی،مضبوط کمٹمنٹ کی ضرورت ہے
چناری(آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کو موثر سفارتی حکمت عملی،نظریاتی وابستگی،مضبوط کمٹمنٹ کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے ہٹیاں بالا میں جماعت اسلامی ضلع جہلم ویلی کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا کہ عالمی صورتحال میں کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے،عالمی استعمار کے اپنے مفادات ہیں،استعمار نے ہمیں استعمال کیا،وقت آگیا ہے کہ پاکستان، ایران، افغانستان کو باہمی مشاورت سے اس خطے کے مستقبل کی جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی، قیادت کی نااہلی کے باعث مسئلہ کشمیر موثر سفارتی انداز میں اجاگر نہ کرنے کی وجہ سے یہ اہم تنازعہ سرد خانے کی نذر ہوچکا ہے،جماعت اسلامی شہداء کی مقروض ہے جماعت اسلامی ہی نظریاتی و فکری بنیادوں پر ریاست جموں کشمیر کی آزادی کا واضح منشور رکھتی ہے،جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا حکمران طبقہ عوام کیساتھ دھوکہ دہی کا سلسلہ جاری رکھے گا