حماس کو غزہ میں جنگی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ترجمان ٹیمی بروس کی پریس بریفنگ
واشنگٹن (آئی این پی )ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ حماس یرغمالیوں کو رہا کرے اورغیر مسلح ہوجائے، حماس غزہ میں سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکتی۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ٹیمی بروس نے کہا کہ حماس کو اپنی غیر ملکی یرغمالیوں کو فوراً رہا کرنا چاہیے اور اپنی مسلح سرگرمیاں روک دینی چاہیے۔ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ حماس کو غزہ میں اپنی جنگی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ امریکا اور اس کے اتحادی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ حماس کو فوری طور پر غیر مسلح ہونا چاہیے تاکہ علاقے میں امن قائم ہو سکے اور انسانی حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔پریس بریفنگ کے دوران ٹیمی بروس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکا، اسرائیل کی خود دفاع کی حمایت کرتا ہے، مگر ساتھ ہی عالمی سطح پر غزہ میں جنگ کی شدت میں کمی اور غیر مسلح حماس کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ حماس اپنی جارحیت کو بند کرے اور اپنی کارروائیوں کے اثرات کو محدود کرے تاکہ ایک پائیدار امن کی جانب بڑھا جا سکے۔