بھارت،چین الیکشن میں ممکنہ مداخلت کرسکتے ہیں: کینیڈین سکیورٹی انٹیلی جنس

ایسی خطرناک سرگرمیاں کینیڈا کے جمہوری عمل اور اس کے اداروں پر عوام کے اعتماد کو ختم کر سکتی ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر 
 اوٹاوا(آئی این پی )کینیڈا کی خفیہ ایجنسی نے کہا ہے کہ بھارت اور چین ممکنہ طور پر اس کے جنرل الیکشن میں مداخلت کی کوشش کر سکتے ہیں جبکہ روس اور پاکستان بھی ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈین انٹیلی جنس سروسز کی ڈپٹی ڈائریکٹر وینیسا لائڈ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مخالف قوتوں کے ریاستی عناصر مداخلت کے لیے بڑے پیمانے پر مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہے ہیں۔اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ پیپلز ریپبلک آف چائناکینیڈا کے جمہوری عمل میں مداخلت کے لیے اے آئی ٹولز استعمال کرے۔ وینیسا لائڈ کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ بھی مشاہدہ کیا ہے کہ انڈین حکومت کینیڈا کے جمہوری عمل میں مداخلت کرنے کا ارادہ اور صلاحیت رکھتی ہے۔وینیسا لائڈ نے یہ بھی کہا کہ روس اور پاکستان بھی ممکنہ طور مداخلت کی سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔غیرملکی مداخلت اور الیکشن کے نتائج میں براہ راست تعلق کا تعین کرنا زیادہ تر مشکل ہوتا ہے تاہم ایسی خطرناک سرگرمیاں کینیڈا کے جمہوری عمل اور اس کے اداروں پر کینیڈین عوام کے اعتماد کو ختم کر سکتی ہیں۔