سیکڑوں لوگ نقل مکانی پر مجبور،سجاول، ٹھٹھہ، اور بدین کی50لاکھ ایکڑ زرعی زمین سمندر کی نذر ہو چکی
کراچی (آئی این پی )ملک بھر کے دریائوں میں پانی کی کمی شدت اختیار کرگئی۔ دریائے سندھ کی سکڑتی ہوئی حالت بھی سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق کوٹری ڈائون سٹریم میں پانی کی قلت سے انسانی زندگی اور آبی حیات شدید متاثر ہونے لگی۔ سیکڑوں لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔کوٹری ڈائون سٹریم میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ پانی کی قلت کے باعث دریائے سندھ سکڑتا جا رہا جس کے باعث انسانی زندگیاں اور آبی حیات خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ جبکہ لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی پر مجبور ہیں۔پاکستان کا سب سے بڑا دریا دریائے سندھ پانی کی مسلسل کمی کے باعث ان دنوں صحرائے تھر کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ڈائون سٹریم میں پانی نہ چھوڑنے کی وجہ سے دریائے سندھ خشک ہو کر سکڑ گیا ہے۔ ٹھٹھہ سجاول پل کے مقام پر دریائے سندھ کے دامن میں ریت کے ٹیلے ہی ٹیلے نظر آ رہے ہیں۔ پورے علاقے کو خشک سالی نے گھیر لیا ہے۔ زرعی پانی فراہم کرنے والی نہریں سوکھ گئی ہے۔ کاشتکار پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔ سمندر کے بڑھتے ہوئے پانی نے بھی سجاول، ٹھٹھہ، اور بدین کے اضلاع کی زرعی زمینوں کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریبا ً50لاکھ ایکڑ زرعی زمین سمندر کی نذر ہو چکی ہے۔