اللہ تعالیٰ کا شکر ،جس طرح روٹھی ترقی واپس آ رہی ہے، ویسے ہی آبی پرندے بھی لوٹ آئے ہیں، مریم اورنگزیب
لاہور(آئی این پی )آبی پرندے دو سال بعد ایک بار پھر پنجاب کی جھیلوں، تالابوں اور آبی ذخائر کی طرف لوٹ آئے ہیں۔فلمنگوز(گلابی بگلے، لم ٹنگو) کی قطاریں اپنے قدرتی مسکنوں کی جانب واپسی کا سفر مکمل کر چکی ہیں جو ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق آبی پرندوں کی واپسی غیر قانونی شکار اور جال کے خاتمے، مسلسل نگرانی اور محفوظ ماحول کی فراہمی کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نایاب جنگلی حیات اور پرندوں کی حفاظت کے لیے ایک جامع نگرانی کا نظام لاگو کیا گیا تھا جس کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ جس طرح روٹھی ترقی واپس آ رہی ہے، ویسے ہی آبی پرندے بھی پنجاب کی طرف لوٹ آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلمنگوز کی واپسی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ایک سال کے اقدامات کا خوشگوار نتیجہ ہے۔مریم اورنگزیب نے آبی پرندوں کو ماحولیاتی توازن اور قدرتی نظام کا اہم جز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پرندوں، جھیلوں اور ماحولیاتی توازن کا تحفظ دراصل زندگی کا تحفظ ہے۔ اگر پرندے اور جھیلیں زندہ نہ رہیں تو انسان بھی زندہ نہیں رہیں گے۔