فیصلہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث کیا گیا
طیارے کے جدید اور پیچیدہ نظام کو چلانے کیلئے تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہے
لاہور(آئی این پی ) پنجاب کابینہ نے صوبائی حکومت کے طیارے گلف اسٹریم جی-500 کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو سونپنے کی منظوری دے دی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث کیا گیا۔ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ گلف اسٹریم طیارے کے جدید اور پیچیدہ نظام کو چلانے اور اس کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید سہولتوں کی ضرورت ہے، جبکہ پاک فضائیہ کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔دستاویزات کے مطابق کابینہ نے پنجاب حکومت کے طیارے کی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) سے ڈی رجسٹریشن اور پاک فضائیہ کی جانب سے اسے ٹیل نمبر الاٹ کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں۔ یہ پائلٹس صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر طیارے کی پروازوں کے امور انجام دیں گے۔دستاویز کے مطابق پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ نے طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کے لیے مشاورت کی تھی۔ اس کا مقصد طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے ایڈیشنل سیکریٹری (ویلفیئر) کو پنجاب حکومت کی جانب سے اس یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دیا ہے۔مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی انتظامات سے متعلق معاملات شامل ہیں۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے اس معاملے پر اپنا موقف نہیں دیا۔