کوٹری پر درمیانی درجے کا سیلاب،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر پانی کی آمد میں کمی
کراچی (آئی این پی )دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں مزید اضا فہ ہوگیا جس کے بعد اب پانی کا بہا ئو 3 لاکھ 98 ہزار کیوسک ہو گیا، کوٹری بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جب کہ گڈو بیراج پر بہا ئوکم ہو کر معمول پر آگیا۔فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر پانی کی آمد میں کمی جاری ہے جو مزید کم ہوکر 54 ہزار کیوسک پر آ گیا جب کہ دریا میں اب نچلے درجے کا سیلاب ہے۔فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کا بتانا ہے کہ ہیڈ اسلام اور ہیڈ سلیمانکی پر بھی بہا میں کمی آنے لگی ہے مگر اب بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔