بابر اعوان نے نام دیئے بغیر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر لی

ہم اس پر احتجاج کریں گے،ہم ڈسپلن قائم کروائیں گے‘ سلمان اکرم راجہ جیل عملہ سے بحث 

اسلام آباد(آن لائن)بابر اعوان نے نام دیئے بغیر جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر لی جس پر سلمان اکرم راجہ کی جیل عملہ سے بحث ہوئی اور سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم اس پر احتجاج کریں گے،ہم ڈسپلن قائم کروائیں گے۔تفصیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دن گیٹ 5پر دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی۔سلمان اکرم راجہ نے جیل عملہ سے مکالمہ  کیا کہ آپ بابر اعوان کا نام لسٹ سے نکالیں،وہ نام ہم نے نہیں دیا،اگر آپ بابر اعوان کو بھیجیں گے تو میں اسی جگہ احتجاج کروں گا،آپ بابر اعوان کو روکیں گے تو ہم ملاقات کے لیے جائیں گے،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے ڈسپلن قائم کرنا ہے،وہی بندے ملاقات کریں گے جنکے نام ہم نے دیئے ہیں،آپ حامد خان اور اعظم سواتی کا نام ملاقات کرنے والوں کی لسٹ میں شامل کریں۔ اس پر جیل عملہ نے جواب دیا کہ ہم بابر اعوان کو روکتے ہیں آپ جاکر ملاقات کرلیں۔بابر اعوان کو روکنے پر سلمان اکرم راجہ،نعیم حیدر پنجھوتہ،ظہیر عباس چوہدری اور نیاز اللہ نیازی ملاقات کے لئے جیل کے اندر روانہ ہوگئے جبکہ 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کے پیچھے بابر اعوان بھی پیدل اڈیالہ جیل کے اندر  روانہ ہو گئے۔