بانی پی ٹی آئی ڈیل کریں گے نہ باہر جائیں گے: بابر اعوان

 عوام کے ووٹ کے ذریعے یہ جنگ جیت چکے ہیں،نومبر کا احتجاج فائنل،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے نہ باہر جائیں گے، ہم عوام کے ووٹ کے ذریعے یہ جنگ جیت چکے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان نے کہا کہ 24نومبر کا احتجاج فائنل احتجاج ہے، پاکستان کے آئین کے مطابق ہر شہری کا حق ہے کہ وہ اپنے مطالبات لے کر سڑک پر آئے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازم کہتے ہیں اسلام آباد میں کسی کو داخل نہیں ہونے دیں گے، میں سرکاری ملازمین کو مشورہ دیتا ہوں کہ اپنی نوکری کرو، ڈکیتیاں ہو رہی ہیں دیگر جرائم ہو رہے لیکن وہاں ان کی توجہ نہیں ہے، ہم نے حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھے ہیں، 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف اور چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف اوربانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے ہمارا احتجاج ہے۔