پاکستان میں بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

 ملک میں 9 کروڑ 10 لاکھ انفرادی مالیاتی اداروں کے اکائونٹس موجود ہیں
بالغ آبادی کی بڑی تعداد کو رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل نہیں: بینک کی  رپورٹ 
 اسلام آباد(آئی  این پی )ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی ) نے دعوی کیا  ہے کہ پاکستان میں ایک بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے، ترقی پذیر ایشیا میں ایک ارب سے زائد افراد بینکنگ سہولت سے محروم ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں فنانشل سروسز سے متعلق جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 24 کروڑ 10 لاکھ کی آبادی 60 فیصد بالغ افراد پر مشتمل ہے، ملک میں 9 کروڑ 10 لاکھ انفرادی مالیاتی اداروں کے اکائونٹس موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق بالغ آبادی کی بڑی تعداد کو رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل نہیں، 15 سال میں پاکستان میں مالیاتی خدمات تیزی سے ترقی کر رہی ہیں، مالیاتی اداروں میں اکائونٹس کی تعداد 2019 سے 2024 تک 127 فیصد بڑھ چکی ہے۔اے ڈی بی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالیاتی اخراج خواتین پر مردوں کے مقابلے میں زیادہ اثرانداز ہوتا ہے، خواتین کیلئے بینکنگ سہولتوں تک رسائی مردوں کے مقابلے میں نصف ہے، ترقی پذیر ایشیا میں ایک ارب سے زائد افراد بینکنگ سہولت سے محروم ہیں۔