وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے پہلی بار “محفوظ محرم” کے نام سے خصوصی موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے۔
ساتھ ہی تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔محسن نقوی کی زیر صدارت محرم سکیورٹی انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں سکیورٹی پلان اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ “محفوظ محرم” ایپ کے ذریعے شہری مشتبہ افراد، مشکوک سرگرمیوں اور سکیورٹی میں کسی بھی کمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دے سکیں گے۔ ایپ میں لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی شامل ہے تاکہ فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔حکام کے مطابق تمام مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے چار درجاتی سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے جبکہ نگرانی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں۔
انہوں نے اہلکاروں کے لیے کھانے پینے سمیت تمام سہولیات بروقت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام اور منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ نے اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی بھی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ امن و نگہبان کمیٹیوں کو فعال بنا دیا گیا ہے۔ اجلاس میں اعلیٰ پولیس و انتظامی افسران نے شرکت کی۔