فیروز والہ کچہری کے باہر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق،ایک زخمی

گاڑی میں سوار حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی،پیشی کے لیے آیا ظفر اقبال اور نامعلوم شخص نشانہ بنے
لاہور (کرائم رپورٹر) فیروز والہ کچہری کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مہران گاڑی میں سوار حملہ آوروں نے گاڑی سے ہی اندھا دھند فائرنگ کی۔ریسکیو 1122 کے مطابق جائے وقوعہ پر دو افراد گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک کی شناخت 66 سالہ ظفر ولد یعقوب کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرا شخص تاحال نامعلوم ہے۔ دونوں لاشوں کو میو اور شاہدرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے اور ایس پی سٹی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مقتول ظفر اقبال کالا خطائی، تحصیل فیروز والہ کا رہائشی تھا اور کچہری میں پیشی کے لیے آیا تھا۔واقعے میں موٹر سائیکل سٹینڈ پر کھڑا ایک ورکر زوہیب بھی زخمی ہو گیا۔ فیصل کامران نے کہا ہے کہ پرانی دشمنی کے پہلوؤں پر بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شیخوپورہ پولیس سے تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔