میجر سید معیز عباس کی نماز جنازہ میں شرکت شہدا ء کا خون ہماری قومی قوت کی بنیاد ہے فیلڈ مارشل عاصم منیر

میجر سید معیز عباس نے فرض کی ادائیگی میں  جان قربان کرکے بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین روایات کو زندہ رکھا‘ پوری قوم غم اور فخر کے جذبات کیساتھ متحد ہے ‘ وطن کے دفاع کے لئے ان کی حتمی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے
 ہم اپنے شہدا کے ہمیشہ کے لئے مقروض ہیں‘ پاکستان کے دشمن چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے ہماری افواج ہر دم تیار ہیں:فیلڈ مارشل کی بات چیت

  راولپنڈی ( اے ایف بی )جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے ضلع چکوال کے رہائشی 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔ شہید کو ملک و ملت کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے پر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنے کے لیے آبائی علاقے چکوال منتقل کر دیا گیا ۔نماز جنازہ میں  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، اعلیٰ عسکری و سول افسروں و جوانوں نے شرکت کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر سید معیز عباس نے دشمن کی شدید مزاحمت کے باوجود بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور فرض کی ادائیگی میں اپنی جان قربان کرکے بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین روایات کو زندہ رکھا۔ پوری قوم غم اور فخر کے جذبات کے ساتھ متحد ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ان کی حتمی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہم اپنے شہدا کے ہمیشہ کے لیے مقروض ہیں۔ ہمارے شہدا کا لہو ہی ہماری قوم کی طاقت کی بنیاد ہے۔شہید میجر معیز عباس نے اپنی جان قربان کر کے اس عزم کو زندہ رکھا کہ پاکستان کے دشمن چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہماری افواج ہر دم تیار ہیں۔پاک فوج اور پوری قوم اس بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک کی سلامتی پر اپنی جان نچھاور کر دی۔ شہید کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔