میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ ،وزیراعظم ، فیلڈ مارشل، وزیر دفاع سمیت فوجی و سول افسروں اور شہید کے لواحقین کی شرکت‘ہم نے ایک بہادر بیٹا کھو دیا:شہبازشریف

 ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم ٹیکس دینے والے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں:شہبازشریف
 باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری  ہیں‘ان کی پذیرائی اور ٹیکس چوروں کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مفید ثابت ہو گی ، ٹیکس چوروں کی شناخت  کے لئے پروفیشنلز کی خدمات لی جائیں

  اس مقصد کیلئے نہ صرف ایف بی آر میں موجود افرادی قوت بلکہ نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں ، انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری جلد مکمل کی جائے: ایف بی آر میں  اصلاحات پر جائزہ اجلاس سے خطاب
 اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکس دہندگان کو کاروبار دوست ماحول دینے اور ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم دیدیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ٹیکس دہندگان کی پزیرائی کے لئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے لیے کاروبار دوست ماحول اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم دیدیا۔اجلاس سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں ۔ ان کی پزیرائی اور ٹیکس چوروں کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مفید ثابت ہو گی ۔ ٹیکس چوروں کی شناخت اور ان سے محصولات کی وصولی کے لیے پروفیشنلز کی خدمات لی جائیں ۔ اس مقصد کیلئے نا صرف ایف بی آر میں موجود افرادی قوت بلکہ نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں ۔ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے ۔ کسٹم کلیئرنس میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے  تھرڈ پارٹی جائزے کے لئے بہترین بیرون ملک  آڈیٹرز  کا انتخاب کیا جائے ۔ تھرڈ پارٹی جائزے سے سسٹم کے اندر خامیوں کی نشاندہی اور اس کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے  تھرڈ پارٹی جائزہ کے لئے ایک سائنٹفک  آڈٹنگ نظام ترتیب دیا گیا ہے۔ اس جائزے سے مرتب شدہ نتائج کو رسک مینیجمنٹ سسٹم میں بہتری کے لئے استعمال کیا جائے گا۔دریں اثناء میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ چکلالہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدنان اسلم کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں دوران علاج جام شہادت نوش کر گئے تھے، 31 سالہ میجر عدنان اسلم راولپنڈی کے رہائشی تھے۔نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت حاضر سروس فوجی و سول افسروں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدنان اسلم نے 2 ستمبر کو بنوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے کا بہادری سے مقابلہ کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے میجر عدنان اسلم کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج ہم نے مٹی کا ایک بہادر بیٹا کھو دیا ہے جس کی ہمت اور قربانی ہمیشہ قوم کے دلوں میں نقش رہے گی