وزیر خزانہ کی امریکی تجارتی نمائندے سے ورچوئل ملاقات، تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کا جائزہ
تجارتی تعاون پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی کیلئے نہایت اہم ہے:محمداورنگزیب
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باقی معاملات کو تکنیکی سطح پر جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی اہم ترجیح ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی کیلئے نہایت اہم ہے۔فریقین نے مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے، تکنیکی سطح پر بات چیت تیز کرنے اور تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔