برطانوی وزیرِاعظم کیر اسٹارمر: برطانیہ اردن کے ساتھ مل کر غزہ میں فضائی امداد بھیجے گا

برطانوی وزیرِاعظم کیر اسٹارمر: برطانیہ اردن کے ساتھ مل کر غزہ میں فضائی امداد بھیجے گا

برطانوی وزیرِاعظم سر کیر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ، اردن کے ساتھ مل کر غزہ میں فضائی ذرائع سے انسانی امداد پہنچانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے پیش نظر فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالے سے برطانوی فوجی منصوبہ سازوں اور لاجسٹک ماہرین پر مشتمل ایک چھوٹی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے جو اردن کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں کو عملی شکل دے گی۔ادھر ارکانِ پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد نے وزیرِاعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے۔ رپورٹ کے مطابق ایک تہائی سے زائد ارکان نے اس مطالبے کی حمایت میں ایک مشترکہ خط پر دستخط کیے ہیں۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے بھی غزہ میں فضائی امداد کی اجازت دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جس کے بعد اس منصوبے کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب غزہ میں انسانی المیہ شدت اختیار کر رہا ہے اور عالمی سطح پر امدادی رسائی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔