امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی یونین پر تجارتی محصولات نافذ کرنے کی دھمکی کے بعد برطانوی وزیر اعظم سر کیر اسٹارمر نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ کسی بھی صورت امریکا اور یورپی یونین کے درمیان انتخاب نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ یورپی یونین پر بھی اسی نوعیت کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ برطانیہ کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر برطانیہ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کو برقرار رکھنے کے بدلے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات پر سمجھوتہ کرے۔اس پر برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں عالمی شراکت دار برطانیہ کے لیے بہت اہم ہیں، اور اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ برطانیہ ہمیشہ دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا رہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات پر بات چیت کے ابتدائی مراحل ہیں اور اس بارے میں مزید بات چیت کی جائے گی۔