ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک سازش کے تحت حکومت سے ہٹایا گیا اور آج ان کو پاکستان کو خودمختار بنانے کی سزا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہر ضلع، ہر یونین کونسل اور ہر شخص تک پہنچایا جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں ریلیوں اور عوامی میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر قید کیا گیا ہے، جو ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں، اور ان کو دباؤ میں لانے کے لیے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی ناحق قید کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس فسطائیت کے باوجود بانی پی ٹی آئی آئین و قانون کی بات کر رہے ہیں۔ ان کو توڑنے والے خود ٹوٹ جائیں گے کیونکہ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ’’ہم کسی غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کو تسلیم نہیں کرتے۔ بانی پی ٹی آئی ہماری نسلوں کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔‘‘علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ’’ہم ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بانی پی ٹی آئی سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ نہیں، یہی ہمارا نظریہ ہے۔‘‘