علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آج سپریم کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے سماعت کی۔

درخواست کی پیروی کرتے ہوئے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی شاہ فیصل عدالت میں پیش ہوئے۔ لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ کے پی اسمبلی میں بجٹ سیشن جاری ہے اور اس اہم موقع پر پارٹی کی بجٹ کمیٹی کو بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی لینا ضروری ہے، اس لیے معاملے کو ارجنٹ بنیادوں پر سنا جائے۔جسٹس منصور علی شاہ نے معاملے کو جوڈیشل سائیڈ کے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ “آپ نے غلط دروازہ کھٹکھٹایا ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے چیئرمین ہیں، آپ رجسٹرار سپریم کورٹ یا چیف جسٹس سے رجوع کریں، یہی بہترین طریقہ ہے۔”اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ:“بجٹ کی منظوری کا عمل جاری ہے اور پارٹی چیئرمین کا ویژن ہمارے لیے اہم ہے، ہم نے بارہا درخواست دی مگر اب تک ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔”
علی امین نے مزید کہا کہ:“تحریک انصاف کی بجٹ کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنا چاہتی ہے۔ بانی چیئرمین نے سپریم کورٹ کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں اہم شواہد شامل تھے، چیف جسٹس نے اس پر اچھے ریمارکس دیے مگر اس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔”عدالت نے ایک بار پھر علی امین گنڈاپور کو مشورہ دیا کہ وہ براہ راست چیف جسٹس یا رجسٹرار سے رجوع کریں کیونکہ اس درخواست کا فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر نہیں ہو سکتا۔