لوہاری گیٹ: گھر میں آگ لگنے سے خاتون جاں بحق

لوہاری گیٹ: گھر میں آگ لگنے سے خاتون جاں بحق

لاہور کے علاقے سوتر منڈی چوک، لوہاری گیٹ کے قریب ایک گھر میں اچانک آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

 آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ گھر کے ایک کمرے میں موجود پٹرول کے گیلن میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ آگ کی لپیٹ میں آ کر ایک خاتون شدید جھلس گئیں، جنہیں فوری طور پر بچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔

جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت صفیہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پا لیا جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے میں پٹرول کی موجودگی حادثے کی شدت میں اضافے کا سبب بنی۔