وسطی میکسیکو میں ایک فٹبال گراؤنڈ پر مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ ملک میں بڑھتے ہوئے مجرمانہ تشدد کی تازہ مثال ہے۔فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست گواناخواتو کے تشدد سے متاثرہ شہر سلامانکا کے علاقے لوما دے فلوریس میں ایک مقامی فٹبال میچ کے اختتام کے فوراً بعد پیش آیا۔ بلدیاتی اور ریاستی حکام کے مطابق میچ ختم ہونے کے بعد جب تماشائی اور کھلاڑی میدان میں جمع تھے، اسی دوران مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔سلامانکا کے میئر سیزر پریئتو کے مطابق ایک مسلح گروہ میدان میں داخل ہوا اور لوگوں پر بلاامتیاز فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 10 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک زخمی بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔