فٹبال گراؤنڈ میں خوفناک حادثہ، 30 سالہ کھلاڑی بے ہوش، آئی سی یو منتقل

فٹبال گراؤنڈ میں خوفناک حادثہ، 30 سالہ کھلاڑی بے ہوش، آئی سی یو منتقل

اسپین کے فٹبال کلب ٹینیریفے کے 30 سالہ فارورڈ جیسس ڈی میگوئل میچ کے دوران حریف گول کیپر سے خوفناک ٹکراؤ کے بعد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کردیا گیا۔

کلب انتظامیہ کے مطابق ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باوجود مستحکم ہے۔ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن میں پیر کے روز ٹینیریفے اور اینڈورا کے درمیان مقابلہ جاری تھا کہ انجری ٹائم کے ساتویں منٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جیسس ڈی میگوئل حریف ٹیم کے گول کیپر جیسس اوونو سے ٹکرا کر زمین پر گر گئے، جس کے بعد میچ روک دیا گیا۔ حادثے کے وقت دونوں ٹیموں کا اسکور 2-2 سے برابر تھا۔ہسپانوی میڈیا کے مطابق کھلاڑی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ ایمبولینس میں موجود طبی عملے نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کی۔

آخری اطلاعات کے مطابق جیسس ڈی میگوئل تاحال بے ہوش ہیں، تاہم وہ خود سانس لے رہے ہیں اور اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔اس افسوسناک واقعے کے بعد میدان میں موجود کھلاڑیوں اور شائقین پر خاموشی چھا گئی۔ جب ایمبولینس انہیں لے کر اسٹیڈیم سے روانہ ہوئی تو تماشائیوں نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔