متوقع بارش اور برفباری: گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر 4 روز کی پابندی عائد

متوقع بارش اور برفباری: گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر 4 روز کی پابندی عائد

متوقع بارش اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر چار روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

 یہ فیصلہ خراب موسمی حالات کے باعث کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق موجودہ موسم سیاحوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے عوام اور سیاحوں کو بدھ تک گلیات کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی سیاحوں کو دوبارہ علاقے میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، جبکہ پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ چیک پوسٹس پر سیاحوں کو روک کر واپس روانہ کریں۔ پولیس حکام کے مطابق پابندی کے دوران کسی بھی سیاح کو گلیات کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات معمول پر آتے ہی پابندی ختم کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔