اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈی نینس اسلام آباد 2026 کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پرسماعت(کل) 27 جنوری کوہوگی عدالت عالیہ پہلے ہی وفاق اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کرچکی ہے۔جسٹس محمد اعظم خان جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کریں گے سابقہ سماعت کے دوران جماعت اسلامی اسلام آباد کے صدر نصر اللہ رندھاوا وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ وکیل درخواستگزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔ اسلام آباد میں 15 فروری 2026 کو بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی۔صدر مملکت نے 10 فروری 2026 کو لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈی نینس جاری کر دیا۔وکیل درخواستگزار کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس سے محض تین روز قبل آرڈی نینس کا اجرا بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔ آرڈی نینس جاری کرنے کا مقصد بلدیاتی انتخابات کا التوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد آرڈی نینس کا جواز نہیں بنتا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور سماعت27 جنوری تک ملتوی کردی تھی۔