وزیراعظم شہباز شریف کی شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر آمد، لواحقین سے فاتحہ خوانی اور تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف کی شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر آمد، لواحقین سے فاتحہ خوانی اور تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران وطن کی خاطر جان دینے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر مانسہرہ پہنچ گئے۔

 وزیراعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ، بچوں اور دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔اس کے بعد وزیراعظم نے شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی اور ہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

 وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہلِ خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔وزیراعظم نے شہید کے نام پر مانسہرہ میں دانش سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا، جس سے نہ صرف شہید کی یاد زندہ رہے گی بلکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔