نیو کراچی: 60 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر کار شوروم پر مسلح فائرنگ

نیو کراچی: 60 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر کار شوروم پر مسلح فائرنگ

کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی میں واقع ایک کار شوروم پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

 خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس کے مطابق یہ حملہ مبینہ طور پر گینگ وار سے وابستہ بھتہ خوروں کی جانب سے کیا گیا، جو شوروم مالک سے 60 لاکھ روپے بھتہ طلب کر رہے تھے۔ ملزمان نے اس سے قبل بھتے کی پرچی بھی جاری کی تھی۔شوروم مالک نے دھمکیوں کے خلاف نیو کراچی تھانے میں مقدمہ درج کر رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث افراد کا تعلق مبینہ طور پر صمد کاٹھیواڑی گروپ سے ہے۔

ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ علاقے میں بھتہ خوری اور مسلح جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔