کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنا ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)اقبال ٹاؤن ڈویڑن میں شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور شکایات کے ازالے کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں نے مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں۔کھلی کچہری کے دوران ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے سائلین کے مسائل بغور سنے اور موقع پر ہی متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ چیک ڈس آنر کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو قانونی کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیا جبکہ نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنا، سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہیانہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اور شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔