لاہور(کرائم رپورٹر)ڈاکٹر محمد عمر، ایس پی اقبال ٹاؤن کی جانب سے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے جا رہے ہیں۔کھلی کچہری کے دوران ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے عوام الناس کی شکایات تفصیل سے سنیں اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہیانہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور پولیس و عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے تاکہ شہری بلا جھجھک اپنے مسائل پیش کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے مزید کہا کہ عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی حفاظت اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے پولیس ہمہ وقت موجود ہے۔