پنجاب حکومت کا وزراء اور وی آئی پیز کیلئے108 نئی گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ

ٹرانسپورٹ ونگ کی سفارشات کے مطابق پنجاب کابینہ کے لئے 30 کروڑ روپے سے 28 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی
108 گاڑیوں کی مجموعی لاگت 1 ارب 14 کروڑ روپے ہوگی، منظوری کے بعد خریداری کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا
لاہور(آن لائن)پنجاب حکومت نے وزرا، بیوروکریٹس اور وی آئی پیز کے لیے گاڑیوں کی بڑی خریداری کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 108 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی جن پر 1 ارب 14 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ٹرانسپورٹ ونگ کی سفارشات کے مطابق پنجاب کابینہ کے لیے 30 کروڑ روپے سے 28 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی، جن میں ایک لینڈ کروزر، 2 ہیول 1.5، 5 گرینڈ الٹس، 10 ٹویوٹا الٹس اور 10 ٹویوٹا یارس شامل ہیں۔ دو وزرا کے لیے 4 کروڑ روپے مالیت کی 2 بلٹ پروف فور بائے فور گاڑیاں بھی شامل ہیں۔وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لیے 27 کروڑ روپے کی لاگت سے 25 گاڑیوں کی سفارشات منظور ہو چکی ہیں۔ علاوہ ازیں، چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے لیے 53 کروڑ روپے کی گاڑیاں خریدی جائیں گی، جن میں 30 ڈبل کیبن، 11 یارس، 3 الٹس، سوزوکی کلٹس اور موٹر سائیکل شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ سفارشات کی منظوری کے بعد خریداری کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔