قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری

 ترامیم کے تحت کیو آر کوڈ کو بطور باقاعدہ سیکیورٹی اور تصدیقی فیچر قانونی حیثیت دے دی گئی
 آزاد  کشمیر کے رہائشیوں کے کارڈ پر باشندہ آزادریاست جموں وکشمیر  کی عبارت درج کرنا لازمی قرار
اسلام آباد(آئی این پی ) حکومتپاکستان نے ایک قوم، ایک شناخت کے تصور کو عملی شکل دیتے ہوئے قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔سرکاری اعلامیے کے مطابق ان اصلاحات کا بنیادی مقصد قومی شناختی نظام کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ ترامیم کے تحت کیو آر کوڈ کو بطور باقاعدہ سیکیورٹی اور تصدیقی فیچر قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ قواعد میں کیو آر کوڈ کو ایک محفوظ، مشین سے پڑھے جانے والے دو جہتی بارکوڈ کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جو معلومات کو انکوڈ کر کے محفوظ رکھتا ہے اور اسکین کیے جانے پر فوری شناختی تصدیق فراہم کرتا ہے۔مزید برآں، قواعد میں کیو آر کوڈ یا کوئی دیگر تکنیکی فیچر شامل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جو مائیکروچپ کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔ اس اقدام سے نادرا کو جدید تصدیقی ٹیکنالوجیز اختیار کرنے میں سہولت ملے گی اور بار بار قواعد میں ترمیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔