لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی نژاد امریکی شہری کوپاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی)جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاکستانی خاتون سے شادی کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کا غیر مشروط قانونی حق نہیں دیتی، قومی سلامتی کے تقاضے پورے کیے بغیر کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری نہیں کیا جا سکتا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اجمل زاہد نے ڈاکٹر طلحہ معاذ غلام جیلانی کی آئینی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ پاکستان اوریجن کارڈ کا اجرا درخواست گزار کا خودکار یا غیر مشروط قانونی حق نہیں بلکہ اس کیلئے متعلقہ قانونی تقاضوں اور سکیورٹی کلیئرنس کا حصول ضروری ہے۔تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار بھارتی نژاد امریکی شہری ہے، جس نے 1990 میں اسلام قبول کیا، قبول اسلام کے بعد اس نے اپنا نام ڈاکٹر جے سنگھا شمراو شندے سے تبدیل کرکے ڈاکٹر طلحہ معاذ غلام جیلانی رکھ لیا، درخواست گزار کا مقف تھا کہ اس نے 2007 میں امریکی شہریت حاصل کرنے سے قبل بھارتی شہریت ترک کردی تھی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ کسی شخص کا بھارتی نژاد ہونا بذات خود اس کی بھارتی شہریت کا ثبوت نہیں اور نہ ہی محض بھارتی نژاد ہونے کی بنیاد پر اسے پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کے لیے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے