ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ اٹلی ساڑھے10ہزار پاکستانیوں کوورک ویزے دے گا اطالوی وزیر داخلہ

لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا ‘پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کے لیے اٹلی تیار ہے
 غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں:اطالوی وزیر خارجہ کی محسن نقوی سے ملاقات میں گفتگو
روم (آن لائن)   وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں اپنے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات کی، جس میں داخلی سکیورٹی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی ہجرت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ انسانی اسمگلنگ، منشیات کی روک تھام اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا  قانونی ہجرت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے  لیے  10 ہزار 500 ورک ویزے  جاری کیے جائیں گے۔ اس
 اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کے تبادلے اور اقتصادی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کے لیے اٹلی تیار ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطالبے پر اطالوی حکومت نے پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزہ سے استثنیٰ دینے پر آمادگی ظاہر کی۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس حوالے سے گزشتہ ملاقات میں بھی بات ہوئی تھی اور اب اس پر پیش رفت کی جا رہی ہے۔محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستانی وزارت داخلہ کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔