8 تعلیمی بورڈ مستقل چیئرمین سے محروم

لاہور میں کنٹرولر امتحانات کی پوسٹ پر بھی ایک سال سے عارضی چارج سے کام چلایا جا رہا ،امتحانات کی تیاری متاثر ہونے کا خدشہ 
لاہور( کرائم رپورٹر) امتحانات سر پر ہیں مگر تعلیمی بورڈز میں مستقل افسروں کی تقرری نہ ہوسکی۔ پنجاب کے 8 تعلیمی بورڈ میں مستقل چیئرمین ہی موجود نہیں۔ امتحانات کی تیاری متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیل کے مطابق 4 مارچ سے پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔پنجاب کے9میں سے8تعلیمی بورڈ میں مستقل چیئرمین نہیں ہیں۔لاہور تعلیمی بورڈ میں2سال سے مستقل چیئرمین نہیں ہے،یہاں کنٹرولر امتحانات کی پوسٹ پر بھی ایک سال سے عارضی چارج سے کام چلایا جا رہا ہے۔ مستقل سربراہان نہ ہونے سے امتحانات کی تیاری متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔دو سال قبل مستقل تقرریوں کیلئے درخواستیں طلب کی گئیں مگر انٹرویوز کئے بغیر ہی معاملہ کینسل کردیا گیا۔بعض بورڈز میں سیکرٹری اور کنٹرولر کی پوسٹوں پر بھی عارضی افسر تعینات ہیں۔بورڈز ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تمام بورڈز میں مستقل چیئر مین تعینات کئے جائیں۔