تاجر مرویس عزیزی کا بیٹی کی یاد میں کینسر اسپتال کے لیے 2 کھرب 28 ارب روپے کا عطیہ

تاجر مرویس عزیزی کا بیٹی کی یاد میں کینسر اسپتال کے لیے 2 کھرب 28 ارب روپے کا عطیہ

دبئی کی معروف کاروباری شخصیت مرویس عزیزی نے اپنی بیٹی فرشتہ عزیزی کی یاد میں ایک دل خوش کن قدم اٹھاتے ہوئے 2 کھرب 28 ارب 30 کروڑ پاکستانی روپے (3 ارب درہم) کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ عطیہ متحدہ عرب امارات کی تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی امداد کے طور پر شمار کیا جا رہا ہے۔یہ فنڈز دبئی میں ایک غیر منافع بخش کینسر اسپتال کی تعمیر کے لیے استعمال ہوں گے، جو مریضوں کو مفت اور سستی طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔ اسپتال کی تعمیر اس سال کے آخر تک شروع ہو جائے گی، اور منصوبے کے تحت مستقبل میں دیگر ممالک میں بھی اسی طرح کے اسپتال قائم کیے جائیں گے۔فرشتہ عزیزی چند سال قبل کینسر میں مبتلا ہوئیں اور ابتدائی علاج کے بعد صحت یاب ہو گئیں، مگر افسوس کہ بیماری دوبارہ حملہ آور ہو گئی اور وہ 29 اکتوبر 2024 کو اس جہان فانی سے رخصت ہو گئیں۔

مرویس عزیزی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی ایک کھرب 40 ارب روپے (500 ملین ڈالر) کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے، جہاں "فرشتہ عزیزی میڈیکل سٹی" کی تعمیر کی جائے گی۔ یہ اسپتال اور میڈیکل سٹی فرشتہ عزیزی کی زندگی کے مشن کی تکمیل کے طور پر زندہ رہیں گے، جس کا مقصد دنیا بھر میں لوگوں کو معیاری علاج فراہم کرنا ہے۔