فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کی جاسکتی : مولانافضل الرحمن

دوحہ(آئی این پی )جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے   فلسطین آزاد ریاست ہے، اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کی جاسکتی ،فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ جے یوآئی ف کے ترجمان اسلم غوری  کے مطابق جے یو آئی سربراہ  مولانا فضل الرحمن    وفد  کے ہمراہ  قطر پہنچ گئے جہاں ان کی   حماس رہنمائوں اور مجلس شوری کے سربراہ  سے ملاقات کی۔جمعیت علما اسلام کی طرف سے مولانا فضل الرحمان جبکہ حماس کی مجلس شوری کے سربراہ ابو عمر نے وفود کی قیادت کی، ملاقات میں غزہ و فلسطین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مولانا فضل الرحمن  نے حماس رہنمائوں کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مولانا فضل الرحمن کا  اس موقع پر  کہنا تھا  فلسطین آزاد ریاست ہے، اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کی جاسکتی ، مسجد اقصی اور فلسطین کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔دوسری جانب سربراہ مجلس شوری حماس ابو عمر کا کہنا تھا کہ تعاون کی یقین دہانی پر مولانا فضل الرحمان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی امت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کر رہی ہے، گھروں کی تعمیر ،خیموں ،دوائیوں اور رمضان میں سحر وافطار کے لئے پاکستانی عوام اور امت مسلمہ سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں