شاہ چارلس کا کرسمس خطاب: شہزادہ ہیری کے لیے مفاہمت کا اشارہ؟

شاہ چارلس کا کرسمس خطاب: شہزادہ ہیری کے لیے مفاہمت کا اشارہ؟

برطانیہ کے بادشاہ، شاہ چارلس سوم نے اپنے کرسمس خطاب میں نرمی، ہمدردی اور مفاہمت پر زور دیتے ہوئے الفاظ استعمال کیے جو شاہی مبصرین کے مطابق ان کے بیٹے، شہزادہ ہیری کے لیے ایک مثبت پیغام کے مترادف سمجھے جا رہے ہیں۔

شاہ چارلس نے خطاب میں دو مرتبہ ’مفاہمت‘ کا ذکر کیا، جس سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ تاہم بادشاہ کے قریبی ذرائع نے کہا کہ یہ محض ایک عام پیغام تھا اور براہِ راست کسی فرد کے لیے نہیں تھا۔برطانوی میڈیا کے مطابق شاہ چارلس خاندان کے اختلافات ختم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، اور رائل ایڈیٹر ایملی فرگوسن کے مطابق ستمبر میں شاہ چارلس اور شہزادہ ہیری کی 18 ماہ بعد ملاقات بھی مفاہمت کی جانب ایک اہم قدم تھی۔ایملی فرگوسن نے بتایا کہ برسوں کی بداعتمادی اور تلخی کے بعد صلح آسان نہیں، لیکن امید کی جا سکتی ہے کہ بادشاہ کے خطاب کا پیغام اندرونی خاندانی معاملات پر بھی اثر ڈالے۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری نے 2020ء میں اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے پرنس آرچی کے ساتھ شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ بعد ازاں ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان پر نسل پرستانہ رویے کے الزامات بھی عائد کیے اور اپنے تحفظات ٹیلی وژن انٹرویوز میں کھل کر بیان کیے۔ یہ جوڑا اس وقت امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اپنے بچوں آرچی اور شہزادی لیلیبیٹ کے ساتھ مقیم ہے۔