شہزادہ ولیم نے ہیری کے شاہی مالی فوائد پر سخت تحفظات کا اظہار کردیا

شہزادہ ولیم نے ہیری کے شاہی مالی فوائد پر سخت تحفظات کا اظہار کردیا

برطانوی شاہی خاندان میں بھائیوں کے درمیان جاری تنازع ایک بار پھر منظرِ عام پر آیا ہے، جب شہزادہ ولیم نے اپنے چھوٹے بھائی، شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے والے شہزادہ ہیری کے مالی فوائد حاصل کرنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہزادہ ہیری نے 2020ء میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کی تھی، جس کے تحت وہ شاہی فرائض سے الگ ہوگئے، لیکن پھر بھی شاہی نظام سے جڑی مالی سہولتیں اور وراثتی فوائد حاصل کر رہے ہیں۔ اس میں 2024ء میں انہیں اپنی پردادی کے قائم کردہ ایک ٹرسٹ سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر کا مالی فائدہ شامل ہے، جس پر شہزادہ ولیم نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم چاہتے ہیں کہ ہیری اپنے فیصلے کے مالی اور اخلاقی نتائج بھی بھگتیں تاکہ شاہی فرائض چھوڑنے کی سنگینی کا ادراک ہو۔ ان کے نزدیک وفاداری، ذمہ داری اور شاہی فرائض کی پابندی نظام کی مضبوطی کے لیے لازمی ہیں، اور اگر یہ اقدار نظر انداز کی جائیں تو پورا شاہی نظام متاثر ہو سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہزادہ ولیم نے اپنے قریبی حلقوں کو بتایا ہے کہ اگر ابھی حدود مقرر نہ کی گئیں تو مستقبل میں یہ ممکن نہیں ہوگا۔ وہ بادشاہ بننے کے بعد اس معاملے پر سخت اور واضح فیصلے کرنے کے خواہشمند ہیں تاکہ شاہی خاندان کے مالی نظام اور ذمہ داریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔شاہی ذرائع کے مطابق یہ معاملہ خاندان کے اندرونی تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتا ہے، کیونکہ شہزادہ ہیری نے نہ صرف شاہی فرائض سے دستبرداری اختیار کی بلکہ برادر شاہی کے حوالے سے شکوک و شبہات اور تنقید بھی کی۔