شکتی کپور نے بیٹی شردھا کپور کے کیریئر سے متعلق افواہیں مسترد کر دیں

شکتی کپور نے بیٹی شردھا کپور کے کیریئر سے متعلق افواہیں مسترد کر دیں

سینئر بھارتی اداکار شکتی کپور نے اپنی بیٹی اور اداکارہ شردھا کپور کے کیریئر کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

73 سالہ شکتی کپور نے ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں کہا کہ شردھا کپور کو عالیہ بھٹ اور اننیا پانڈے جیسے اداکاراؤں کے مقابلے میں کم مواقع ملنے کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں، اور اعداد و شمار خود سب کچھ واضح کرتے ہیں۔شکتی کپور کے مطابق شردھا کم فلمیں کرتی ہیں، مگر وہ بہترین پروجیکٹس کو ترجیح دیتی ہیں اور اپنی منتخب فلموں کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ لیتی ہیں۔ وہ سال میں صرف ایک یا دو فلمیں کرتی ہیں، اور اس کا مقصد زیادہ فلمیں کرنا نہیں بلکہ معیار کو اہمیت دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شردھا اپنی اسکرین پر کم نظر آنے کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ وہ اپنے فیصلے خود کرتی ہیں اور اپنی اندرونی آواز پر یقین رکھتی ہیں۔ شکتی کپور نے کہا کہ شردھا بہت ضدی ہیں، اپنے اصولوں پر سختی سے عمل کرتی ہیں اور دل کی سنتی ہیں۔واضح رہے کہ شردھا کپور کو آخری بار ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ میں دیکھا گیا تھا، جو باکس آفس پر کامیاب رہی، جبکہ انہوں نے حال ہی میں اینیمیٹڈ فلم ’زوٹوپیا 2‘ کے ہندی ورژن میں جوڈی ہوپس کے کردار کو اپنی آواز دی۔